اصلاحِ خواتین

عورتوں کی اصلاح کی ضرورت

جاننا چاہیے کہ جس طرح نفقاتِ حسیہ (نان نفقہ) کے ذریعہ سے بیوی اور اولاد اور متعلقین کی جسمانی تربیت ضروری ہے اسی طرح علوم اور اصلاح کے طریقوں سے ان کی روحانی تربیت اس سے زیادہ ضروری ہے۔ اس میں بھی قسم قسم کی کوتاہیاں کی جاتی ہیں۔ بہت سے لوگ اس کو ضروری ہی نہیں سمجھتے یعنی اپنے گھر والوں کو نہ کبھی دین کی بات بتلاتے ہیں نہ کسی بُرے کام پر ان کو روک ٹوک کرتے ہیں۔ بس ان کا حق صرف اتنا سمجھتے ہیں کہ ان کو ضروریات کے مطابق خرچ دے دیا اور سبکدوش ہوگئے۔ حالاں کہ قرآن مجید میں نصِ صریح ہے:

یٰۤاَیُّہَا  الَّذِیۡنَ  اٰمَنُوۡا قُوۡۤا  اَنۡفُسَکُمۡ  وَ اَہۡلِیۡکُمۡ  نَارًا

اے ایمان والو! اپنے کو اور اپنے گھر والوں کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔

اس کی تفسیر میں حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اپنے گھر والوں کو بھلائی یعنی دین کی باتیں سکھلاؤ۔

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اپنی بیوی بچوں کو دین کی باتیں سکھلانا فرض ہے ورنہ انجام دوزخ ہوگا۔

اور حدیث صحیح میں حضور  صلی اللہ علیہ وسلم  کا ارشاد ہے:

کُلُّکُمْ رَاعٌ وَکُلُّکُمْ مَسْؤُلٌ عَنْ رَّعْیَتِہٖ

تم میں سے ہر ایک نگہبان ہے قیامت کے روز ہر ایک سے اس کے ماتحتوں کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔

ایک حدیث میں ہے:

اَخْفَھُمْ فِی اللہِ وَلَا تَرْفَعُ عَنْھُمْ عَصَاکَ

یعنی گھر والوں کو اللہ سے ڈراتے رہو اور تنبیہ کے واسطے ان سے ڈنڈے کو ختم نہ کرو۔

عورتوں کو اصلاحِ اخلاق کی ضرورت

ہماری عورتوں کے اخلاق نہایت خراب ہیں، ان کو اپنی اصلاح کرانا نہایت ضروری ہے۔ اور یاد رکھو بغیر اخلاق کے درست ہوئے عبادت اور وظیفہ کچھ کار آمد نہیں۔ حدیث میں ہے کہ جناب رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  سے عرض کیا گیا کہ یارسول اللہ! فلانی عورت بہت عبادت کرتی ہے۔ راتوں کو جاگتی ہے لیکن اپنے ہمسایوں (پڑوسیوں) کو ستاتی ہے۔ فرمایا ھِیَ فِی النَّارِ کہ وہ دوزخ میں جائے گی اور ایک دوسری عورت کی نسبت عرض کیا گیا کہ وہ (زیادہ) عبادت نہیں کرتی مگر ہمسایوں سے حسن سلوک کرتی ہے۔ فرمایا ھِیَ فِی الْجَنَّۃِ کہ وہ جنت میں جائے گی۔ مگر ہماری عورتوں کا سرمایہ بزرگی آج کل تسبیح اور وظیفہ پڑھنا رہ گیا۔ اخلاق کی طرف بالکل توجہ نہیں۔ حالاں کہ اگر دین کا ایک جز بھی کم ہوگا تو دین ناتمام (ناقص) ہوگا۔

Read Previous

ذرے ذرے میں تیرا عکس نظر آتا ہے

Read Next

شیر دل مجاہدہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *